سعودی عرب میں جنونی شخص نے بے پردہ خاتون کو جُوتا دے مارا واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی، پولیس نے اس شرمناک حرکت کرنے والے کو گرفتار کر لی

سعودی عرب میں ایک کٹڑ عقیدے والے بندے نے ایک خاتون کو صرف اس بناء پر جُوتا دے مارا کہ اُس کا چہرہ نقاب سے ڈھکا ہوا کیوں نہیں تھا۔ العربیہ نیٹ نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک کلپ وائرل ہوا ہے ۔ 14 سیکنڈ دورانیے کی اس ویڈیو میں ایک باریش سعودی شخص ینبع شہر کی ایک سڑک کے کنارے کھڑے ہو کر راہ گیروں سے مخاطب ہو کر اُونچی آواز سے کہہ رہا ہے کہ ”جو عورت بھی چہرہ کھول کر باہر نکلتی ہے وہ بدکار شمار ہو گی۔اسی دوران ایک خاتون اس شخص کے سامنے سے گزری جس کا چہرہ کھلا ہوا تھا۔بس پھر کیا تھا، اس بدنصیب عورت کو کیا معلوم کہ اس کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔ اس جنونی شخص نے اس شخص نے عورت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ اپنا چہرہ دکھا رہی ہے ، یہ بدکار ہے۔اس کے بعد مذکورہ شخص نے راہگیر خاتون پر اپنا جوتا پھینکا جس پر وہ عورت چیختی چلاتی ہوئی وہاں سے بھاگ گئی۔یہ واقعہ ینبع میں ایک شاپنگ سینٹر کے نزدیک پیش آیا اور سینٹر کے ایک پہرے دار نے اس شخص کی جانب سے جوتا پھینکنے کا فعل دیکھ لیا۔ بعد ازاں پولیس نے جائے مقام پر پہنچ کر اس حرکت کے مرتکب شخص کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے اس شرمناک حرکت کرنے والے شخص سے ابتدائی تفتیش مکمل کرنے کے بعد اسے استغاثہ کے حوالے کر دیا ہے۔چند روز میں اس جنونی شخص کوفوجداری عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔ جہاں سے اس کو سخت سزا ملنے کا امکان ہے۔ ٹویٹر صارفین نے اس واقعے پر باریش شخص کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاب اور بے پردگی انسان اور اللہ کے درمیان کا معاملہ ہے، یا پھر اس کو ریاست اپنے انداز سے دیکھتی ہے۔ کسی بھی شخص کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے۔ مذکورہ شخص نے جو کچھ کیا، اُس سے عورت کی تضحیک اور توہین کا پہلو نکلتا ہے۔
اگر معاشرے میں ہر شخص خود منصف بن کر اچھائی بُرائی کا فیصلہ کرنے نکل پڑے گا تو اس کا نتیجہ بدامنی، انتشار اور افراتفری کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا۔ خواتین صارفین کا کہنا تھاکہ اس ویڈیو کو دیکھ کر وہ خوف زدہ ہو گئی ہیں۔ کئی روز تک وہ باہر نکلتے وقت خوف کا شکار رہیں گی۔ اس شخص کو اس کی غیر اخلاقی حرکت پر سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی کسی سعودی یا غیر سعودی خاتون کے ساتھ اس طرح کی شرمناک انداز سے پیش نہ آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں