عمران خان سعودی دباﺅ کے سامنے جھک گئے: ملائیشیا کا دورہ منسوخ

وزیر اعظم عمران خان نے دورہ ملائیشیا منسوخ کردیا ، جنیوا میں ہونیوالی عالمی پناہ گزین کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ نجی نیوز چینل کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا دورہ ملائیشیا منسوخ کردیا گیا ہے۔ اب وزیر اعظم عمران خان کی جگہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملائیشیا سمٹ میں شرکت کیلئے کوالالمپورجائیں گے۔گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ بھی کیا تھا جہاں انہوں نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کی تھیں ۔ایک نجی نیوز چینل کے مطابق دفتر خارجہ کے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ایسے کسی نئے اسلامی بلاک کا حصہ نہیں بنے گا جو سعودی مفادات کے خلاف کام کرے گا۔ اس کے برعکس ہماری کوشش تمام مسلم ممالک کے مابین اتحاد کے لیے کام کرنا ہے۔سعودی عرب اور ترکی کے درمیان سعودی صحافی خاشقجی کی ہلاکت کے بعد سے کشیدگی چلی آ رہی ہے۔ پاکستان اسے کم کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کوالالمپور میں پاکستان، ترکی، ایران، قطر اور انڈونیشیا کے لیڈروں کی کانفرنس کو سعودی عرب او آئی سی کے متبادل اسلامی بلاک کے طور پر دیکھتا ہے اور اس کانفرنس میں اپنی اور اپنے عرب اتحادیوں کی غیر موجودگی سے پریشان ہے۔یہ کانفرنس ملائشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کی میزبانی میں منعقد ہو رہی ہے اور وہ اس بات کا کھلے عام اظہار کرچکے ہیں کہ او آئی سی مسلم امہ کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے اس لیے یہ اتحاد او آئی سی کا متبادل ثابت ہوسکتا ہے جب کہ سعودی عرب سمجھتا ہے کہ اس طرح کا نیا اسلامی بلاک مسلم دنیا میں سعودی عرب کے کردار کو کم کرسکتا ہے۔ اسی تناظر میں پاکستان کی سول اور فوجی قیادت نے سعودی عرب کے متعدد دورے کئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں