عوام ظالم حکمرانوں سے نجات کیلئے اپنے گھروں کی چھتوں سے اذانیں دیں ‘ ن لیگ نے پاکستانیوں سے اپیل کردی

لاہور( این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے دور میں عوام سکون سے دو وقت کی روٹی کھاتے تھے،آج ملک کا ہر طبقہ مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ سے سخت پریشان ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اب تک کی کارکردگی کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے ہے ۔ عوام اپنے گھروں کی چھتوں سے اذانیں دیں تاکہ ان ظالم حکمرانوں سے اللہ تعالی جلد نجات دلائے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا ہے
کہ عمران نیازی چند ماہ میں یہ تبدیلی لائے کہ ہر شعبہ میں بے چینی کی صورت حال پیدا ہوگئی ، تبدیلی سرکارکے اقتدار میں آنے کے بعد یہ تبدیلی آئی ہے کہ تاجروں نے اپنی دکانیں بند کردی ہیں اور صنعت کاروں نے اپنی صنعتوں کو تالہ لگادیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ غیر یقینی حالات کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری روک دی ہے ۔عوام کی قوت خرید بھی تبدیل ہو کر نچلی سطح پر چلی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ روٹی ، نان ،گیس ،پٹرول، آٹا ،میدہ،چینی،بجلی ، چاول ،دالیں سمیت ہر شے کی قیمت تبدیل ہوگئی ، تبدیلی سرکار نے ہر محکمہ میں تبدیلی کو جنم دیا اور اب کوئی محکمہ بھی عوام کے مسائل حل کرنے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں کو چور کہنے والے خود کیا کررہے ہیں یہ سب کے سامنے ہے ،بنکوں اورمالیاتی اداروں میں نئے مسائل کے جنم لینے کی تبدیلی آچکی ہے اور ہر طرف سے عوام کش تبدیلی محسوس کی جارہی ہے ،اس تبدیلی کی وجہ سے عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور حکومت کے خلاف موثر احتجاج کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں