عید سے پہلے عید:رمضان بازاروں میں حکومت عوام کو کتنی سبسڈی دے گی ؟پنجاب حکومت نے عوام کو خوشخبری سنا دی

لاہور( ویب ڈیسک ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ رمضان بازاروں میں شہریوں کو عام مارکیٹ سے سستے داموں کھانے پینے کی چیزیں دستیاب ہوں گی۔
صوبائی حکومت کی متعلقہ مشینری اس بات کو یقینی بنائے گی کہ رمضان پیکج کے سلسلے میں دیئے جانے والے ریلیف اور سبسڈیز کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں۔سستے رمضان بازاروں کی تشہیری مہم پر کئے جانے والے کثیر اخراجات کم کر کے وہی رقم سبسڈی اور اشیائے خوردونوش کی کوالٹی بہتر بنانے پر صرف کی جائے گی۔صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت منعقد ہ اجلاس میں رمضان پیکیج 2019 کے تحت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔رمضان پیکیج کے تحت صوبے کے 309 رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی۔رمضان بازاروں میں آٹا، چینی، گھی، آئل، انڈے، دالیں، سبزیاں مارکیٹ سے سستے داموں دستیاب ہوں گے۔ صوبائی وزیرنے بتایا کہ رمضان بازاروں میں آٹے کا 10 کلو کا تھیلا رمضان بازار میں 290 روپے میں ملے گا۔پنجاب حکومت آٹے کے 10 کلو کے تھیلے پر 80 روپے کی سبسڈی دے گی۔رمضان بازاروں میں چینی 55 روپے کلو کے حساب سے عام آدمی کو دستیاب ہوگی۔گھی اور آئل پر 15 سے 20 روپے فی کلو کمی کی جائے گی،انڈے 5 روپے فی درجن کم نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔مرغی کا گوشت عام مارکیٹ سے 10 روپے کم قیمت پر دستیاب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کا آغاز شعبان کے آخری ہفتے سے ہوگا،وزیراعلیٰ نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے اورچینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے فوری طور پر موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔رمضان المبارک میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جائیں گے جبکہ رمضان کے آخری عشرے میں رمضان بازار عید بازار میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں عید سے متعلق اشیاءفروخت کی جائیں گی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبہ بھر میں 968 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی،قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے قیمت ایپلی کیشن تیار کر لی گئی ہے،وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور سیکرٹریز رمضان بازاروں کے دورے کریں گے،رمضان المبارک میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دیں گے،مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں